نئی دہلی ، 17مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چیمپئنز ٹرافی کے فورا بعد ٹیم انڈیا ویسٹ انڈیز دورے پر جائے گی۔ٹیم وہاں پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ دو سالوں میں ہندوستانی ٹیم کا یہ دوسرا ویسٹ انڈیز دورہ ہوگا۔ اس سے پہلے 2016 میں ٹیم انڈیا وہاں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے گئی تھی۔ ون ڈے سیریز 23 جون سے شروع ہوگی۔ چیمپئنز ٹرافی یکم جون سے شروع ہوگی اور اس کا فائنل میچ 18 جون کو کھیلا جائے گا۔ ٹیم انڈیا کے ویسٹ انڈیز دورے کے بارے میں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس بارے میں معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیم انڈیا کا کیریبین دورہ جون کے آخر سے شروع ہوکر جولائی تک چلے گا، جس میں ون ڈے سیریز ہوگی۔ 23 جون سے شروع ہو رہی ون ڈے سیریز کا آخری میچ 6 جولائی کو ہوگا، جبکہ واحد ٹی 20 میچ 9 جولائی کو کھیلا جائے گا۔دونوں ممالک کے درمیان 2013 کے بعد سے یہ چوتھی دو طرفہ سیریز ہوگی۔گزشتہ سال ہندوستانی ٹیم ویسٹ انڈیز گئی تھی، لیکن وہاں اس نے ٹیسٹ اور 2 میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلی تھی، لیکن ایک بھی ون ڈے میچ نہیں ہوا تھا۔
شیڈول: ون ڈے کب کہاں
پہلامیچ 23 جون پورٹ آف سپین
دوسرامیچ 25 جون پورٹ آف سپین
تیسرامیچ 30 جون انٹیگا
چوتھامیچ 2 جولائی انٹیگا
پانچواں میچ 6 جولائی کنگسٹن
ٹی 20 میچ 9 جولائی کنگسٹن